(علی رامے)لاہور میں ایک اور بڑا ہسپتال تعمیر کرنے کا منصوبہ، پنجاب حکومت نے منصوبے کو دو فیز میں مکمل کرنے کی منظوری دے دی ، پہلے فیز کے لئے 7 ارب روپے کا بجٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ارفع کریم ٹاور کے عقب میں واقع کوٹ لکھپت منڈی کی خالی 114 کنال اراضی پر ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔یہ جنرل ہسپتال 1000 بیڈز پر مشتمل ہوگا ،ہسپتال کی تعمیر دو فیز میں مکمل کی جائے گی ۔
آئی ڈیپ اتھارٹی پنجاب کے حکام کے مطابق منصوبے کے لئے رواں سال بجٹ صرف 20 کروڑ رکھا گیا تھا لیکن پنجاب حکومت کی سفارشات پر آئی ڈیپ اتھارٹی کو رواں سال ہی 7 ارب روپے کا بجٹ دینے کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ہسپتال پر مجموعی طور پر 14 ارب روپے لاگت آئے گی ۔حکام کے مطابق ہسپتال کی تعمیر کا کام اس سال ہی شروع کردیا جائے گا۔