(رضوان نقوی)گاہکوں سے ٹیکس لینے کے باوجود سرکاری خزانے میں جمع نہ کرانے والے ریسٹورنٹس کے خلاف پی آراے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی، پی آراے کی ٹیمیں گاہک بن کرریسٹورنٹس کے ٹیکس معاملات کا جائزہ لیں گی۔
پی آراے( پنجاب ریونیو اتھارٹی) ذرائع کے مطابق شہر کے پوش علاقوں میں قائم ریسٹورنٹس میں سیلز ٹیکس چوری روکنے کیلئے خفیہ سروے شروع کردیا گیاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گلبرگ، ڈی ایچ اے، جوہرٹاون سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں قائم ریسٹورنٹس میں صارفین سے سیلز ٹیکس وصولی کرنے کے باوجود اتھارٹی کو ادائیگی نہ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
پی آراے ذرائع کا کہنا ہے کہ گاہکوں سے بلزمیں سیلز ٹیکس وصولی کرنے کے باوجود سرکاری خزانے میں ٹیکس جمع نہ کرانے والے ریسٹورنٹس کو بھاری بھرکم جرمانے کرکے وصولی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پی آر اے کا عملہ گاہکوں کے روپ میں ریسٹورنٹس کا سروے کرکے ریکارڈ مرتب کرے گا اور سیلز ٹیکس فراڈ کے شواہد ملنے پر ریسٹورنٹس کے خلاف سیلز ٹیکس قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔