علی ساہی:زینب قتل کیس میں اہم ترین پیش رفت ہوئی ہے ، سی سی ٹی و ی فوٹیج میں نظر آنے والے شخص سے مشابہت رکھنے والے مبینہ عمر نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
بھٹہ چوک کےعلاقے میں سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیاہے اور اسے فوری قریبی تھانے لے جایا گیا۔ جہاں ڈی آئی جی اور ایس ایس پی نے ابتدائی تفتیش کی جس کے دوران ملزم نےاپنا نام عمر بتایا اور مبینہ طور پر زیادتی کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ بھٹہ چوک سے گرفتار شخص کی شکل بالکل سی سی ٹی وی فوٹیج کے ساتھ میچ ہوتی ہے، ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کو حساس ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ قصور میں معصوم کلی زینب کو 5 جنوری کو اغواء کیا گیا جبکہ اس کے والدین عمرہ کیلئے گئے ہوئے تھے اور وہ اپنی بیٹی کو چچا کے پاس چھوڑ گئے تھے، ننھی زینب گھر سے شام کو قرآن کی تعلیم کیلئے گئی لیکن واپس نہیں آئی ،چچا نے پولیس والوں کی منت سماجت کی اور تھانے کے چکر لگاتے رہے لیکن پولیس اہلکاروں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی اور انہوں نے کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی تاہم زینب کے چچا نے اپنی مدد آپ کے تحت ملز م کی زینب کو لے جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی اور اسے تھانے والوں کے پاس لے کر گئے لیکن پھر بھی کوئی فائدہ نہ ہوا تاہم پانچ روز کے بعد زینب کی لاش ایک کوڑے کے ڈھیر سے ملی جس کے بعد اس واقعے نے پورے پاکستان کو ہلاکر رکھ دیا اور پھر پولیس نے ’پھرتیاں ‘دکھانے کی کوشش کی جبکہ شہبازشریف نے خود اس کیس میں تفتیش کی نگرانی کی لیکن ملزم گرفتار نہ ہو سکا تاہم نئی پیش رفت میں مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔