ویب ڈیسک:پی ایس ایل 8 میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 46 رنز سے شکست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رضوان الیون کی جانب سے پی ایس ایل کے اس سیزن کا سب سے بڑا ہدف دیا گیا ہے ، 210 رنز کے جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم صرف 145 رنز ہی بنا سکی ، احسان اللہ اور اسامہ میر نے 3، 3 کھلاڑیو ں کا شکار کیا ۔
ٹیم کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو بابر اعظم نوجوان بلے باز محمد حارث کے ہمراہ اوپننگ کیلئے میدان میں اترے لیکن 8 گیندوں پر صرف 9 رنز بنا کر ملتان سلطانز کے احسان اللہ کی پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 41 رنز پر گری ، اس کے بعد آنے والے صائم ایوب نے شائقین کرکٹ کو اپنے خوبصورت بیٹنگ سٹائل سے اپنا گرویدہ بنا لیا ہے، لیکن محمد حارث ہی ان کے ساتھ وفا نہ کر سکے اور 23 گیندوں پر 41 رنز بنا کر 81 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے ، کراچی کنگز کے خلاف 92 رنز کی اننگز کھیلنے والے ٹام کوہلر کیڈمور صرف 3 رنز بنا کر 95 رنز کے مجموعی سکور پر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے ، ان کے بعد رومن پاول نے 11 گیندوں پر 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ، لیکن محمد حارث کو رن آوٹ کرنے والے عباس آفریدی کی گیند پر ملر کو 130 رنز کے مجموعی سکور پر کیچ پکڑا بیٹھے ۔
پاول کے بعد راج پکاسا صائم ایوب کا ساتھ دینے کیلئے میدان میں اترے لیکن اسامہ میر نے ان کی ایک نہ چلنے دی اور 133 رنز کے مجموعی سکور پر انہیں چلتا کیا اجس کے بعد سیٹ بلے باز صائم ایوب بھی بولڈ ہو گئے ،صائم 37 گیندوں پر 53 رنز بنا کر 134 رنز کے مجموعی سکور پر واپس پویلین لوٹ گئے اس کے بعد وہاب ریاض بھی بنا کوئی سکور بنائے 135 رنز پر آو ٹ ہو گئے ، اس کے بعد آٹھویں وکٹ خرم شہزاد کی گری جو صرف 2 رنز بنا کر احسان اللہ کا شکار بنے ، پشاور زلمی کی نویں وکٹ 153 رنز پر جیمز نشیمن پر گری جنہیں عباس آفرید ی نے آوٹ کیا ۔
ملتان سلطانز کی باولنگ کی بات کی جائے تو اسامہ میر سب سے بہترین گیند باز ثابت ہوئے انہوں نے 5.5 کی اوسط سے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر رضوان الیون کے خلاف پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا، جس پر ملتان سلطانز نے اوپننگ بلے باز شان مسعود کے جلد آوٹ ہونے کے باوجود
کپتان محمد رضوان کے 42 گیندوں پر 66 اور روسو کے 36 گیندوں پر 75 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پی ایس ایل 8 میں اب تک کا سب سے بڑا211رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔
پشاور زلمی کی گیند بازی کی بات کی جائے تو سلمان ارشاد نے 38 سکور دے کر 4 اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سفیان مقیم نے 4 اوورز میں 36 سکور دے کر ایک وکٹ حاصل کی ، خرم شہزاد سب سے مہنگے گیند باز ثابت ہوئے انہوں نے 4 اوورز میں 49 رنز دیئے لیکن کوئی بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے، جیمز نیشام نے 40 رنز دیئے جبکہ انتہائی تجربہ کار گیند باز وہاب ریاض نے بنا کوئی وکٹ لیے 4 اوورز میں 44 رنز دیئے
یاد رہے کہ ملتان سلطانز 2 میچز کھیل چکی ہے ، لاہور قلندرز کے خلاف اپنے پہلے میچ میں سلطانز کو ایک رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ، جبکہ دوسرے میچ میں نوجوان تیز گیند باز احسان اللہ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی تھی، دوسری طرف پشاور زلمی نے اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز کو دو رنز سے شکست دی تھی ۔