(مانیٹرنگ ڈیسک) نیوزی لینڈ میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان گبرائیل میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی تاریخ کے تباہ کن طوفان پر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ امدادی کاموں کے دوران فوج نے بھی حصہ لیا۔
سمندری طوفان گبرائیل کی شدت قدرے کم ہوگئی لیکن امدادی کاموں کے دوران لاشیں اور زخمیوں کے ملنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
فوجی ہیلی کاپٹرز نے گھروں کی چھتوں پر پھنسے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ گزشتہ روز امدادی کاموں کے دوران چھتوں سے 4 لاشیں برآمد ہوئی تھیں جب کہ مزید دو لاشیں ملیں جن میں ایک شیر خوار بچے کی ہے۔
سمندری طوفان نے 51 لاکھ آبادی کے ملک میں بڑی تباہی مچائی۔ ساڑھے دس ہزار افراد بے گھر ہوگئے جب کہ املاک کو بھی کافی نقصان پہنچا۔
نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے سمندری طوفان میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے نسلوں بعد ایسا تباہ کن طوفان دیکھا ہے۔ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔