ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے مریم نواز کی ایک اور کوشش

ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے مریم نواز کی ایک اور کوشش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ( یاور ذوالفقار ) لاہور ہائیکورٹ، سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس کو مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے کیس کا حصہ بنانے کیلئے متفرق درخواست دائر کردی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے متفرق درخواست دائر کرائی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کل مریم نواز کی متفرق درخواست پر سماعت کرے گا۔ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ دو صفحات پر مشتمل ہے، رپورٹ میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی کورونری انجیوگرافی جلد از جلد کروانے کی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی اگر کورونری انجیوگرافی نہ کرائی گئی تو ان کی جان کو خطرہ ہے، نواز شریف کے دل کو خون کی روانی تسلسل سے نہیں ہو رہی اور متوازن پلیٹ لیٹس کی وجہ سے ان کا علاج موخر ہورہا ہے۔ میاں نوازشریف کے طبی معائنہ کیلئے کنسلٹنٹ ہماٹالوجسٹ ڈاکٹر کاظمی سے 24 فروری کا وقت لیا گیا ہے۔ نوازشریف کو علاج کے لیے برطانیہ میں طبی ماہرین کی زیر نگرانی رہنا چاہیے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے اور مریم نواز کو والد کی تیمارداری کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت کا حکم دیا جائے۔

یاد رہے مریم نواز نے ہائیکورٹ میں اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست دی تھی جس کے بعد وفاقی کابینہ نے مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کو مریم نواز کی جانب سے عدالت میں چیلنج کیا جا چکا ہے۔