(عثمان ظہیر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کے ہمراہ معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی رہائشگاہ آمد، عاصمہ جہانگیر کے اہلخانہ سے انکی وفات پر اظہار افسوس اور تعزیت کی۔
وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر انکے اہلخانہ سے اظہار افسوس اور تعزیت کے لئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب اور ترجمان وزیراعظم ہاوس مصدق ملک کے ہمراہ پہنچے۔ شاہد خاقان عباسی نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عاصمہ جہانگیر کی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ ہوئی اسے چور ڈاکو کہنا درست نہیں سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی نے ثبوتوں کے صندوق بھرے، لیکن کرپشن ثابت نہ ہو سکی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی عوام یکے بعد دیگرے مانسہرہ، چکوال اور لودھراں الیکشن میں ووٹ دے کر نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے رہے ہیں اور ان کی اہلیت ثابت کر رہی ہیں۔
وزیر مملکت مریم اونگزیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے لوڈ شیڈنگ، امن وامان اور معیشت کے تمام وعدے پورے کر دیئے۔ 2018 میں عوام کے ووٹ کے تقدس کی بحالی کا وعدہ پورا کریں گے۔
مریم اونگزیب نے کہا کہ کچھ لوگوں کی سوچ تھی ن لیگ ٹوٹ جائے گی لیکن آج بھی نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز ایک ہیں۔
مریم اورنگزیب نے عائشہ گلالئی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عائشہ گلالئی کا بیان مضحکہ خیز ہے ان کی پارٹی قیادت نے انہیں الزام تراشی اور جھوٹ سیکھایا ہے جس نے سینٹ ٹکٹ کی آفر دی عائشہ گلالئی اس کا نام بتائے۔