شریف برادران کی گھر آمد پر سیاسی بات نہیں ہوئی، سالک حسین نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تردید کر دی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر  چوہدری سالک حسین نے  ق لیگ کی ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تردید کردی۔

گجرات میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ شریف برادران کی گھر آمد  پر سیاسی بات نہیں صرف گپ شپ ہوئی تھی، مسلم لیگ ق کی ابھی تک کسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی ہے۔

چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر  وقت کوئی نہ کوئی لاڈلہ  رہا ہے، الزام لگانے  والے بھی لاڈلے رہے ہیں جن  پر  الزام لگ رہا ہے  وہ بھی لاڈلے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن تاخیر سے ہونےکی کوئی گنجائش نہیں ہے، ہر سیاسی جماعت کو الیکشن لڑنےکا موقع ملنا چاہیے۔

چوہدری سالک کا مزید کہنا تھا کہ  پرویز الہٰی چوہدری شجاعت حسین کو  پارٹی صدرات سے ہٹانے کی کوشش کرتے رہے، پرویز الہٰی مسلم لیگ ق کو  پی ٹی آئی میں ضم کرنا چاہتے تھے لیکن پھر خود ہی چھوڑ کر چلےگئے۔

واضح رہے کہ 13 نومبر کو میڈیا میں مسلم لیگ نون کے لیڈر میاں نواز شریف ، صدر شہباز شریف کی چوہدری شجاؑت حسین کے ساتھ ان کے گھر جا کر ملاقات کے بعد  چوہدری شافع حسین کا یہ بیان شائع ہوا تھا کہ مسلم لیگ قاف اور مسلم لیگ نون کا انضمام نہیں ہو رہا بلکہ دونوں جماعتین سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر رہی ہیں۔ اس کے بعد میڈیا میں ان نشستوں کے متعلق قیاس آرائیاں آتی رہیں جن پر مسلم لیگ نون اور مسلم لیگ قاف سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو رہی ہے یا ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے تازہ ترین بیان مسلم لیگ نون کے ایک لیڈر کی جانب سے آیا جن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون پنجاب میں قاف لیگ کے سوا کسی دوسری جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کر رہی۔