ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی نے رات گئے اہم ملاقات کی ہے، حسین الٰہی بھی ان کے ساتھ موجود تھے، ملاقات بیس منٹ جاری رہی۔ ملاقات میں اہم مشاورت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج لبرٹی چوک میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں وہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی اسلام آباد میں اہم ملاقات کے بعد واپس لاہور پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق چودھری پرویزالٰہی پنجاب حکومت کومزید کچھ ماہ چلنے دینے کے خواہشمند ہیں تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان فوری اسمبلی تحلیل کرنے کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب اسمبلی ٹوٹنے سے پہلے مستقبل کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں مونس الٰہی نے عمران خان سے ملاقات میں اپنے پتے کھول کر رکھے تھے۔
عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں مونس الٰہی نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ مانگی جب کہ صدر عارف علوی سے ملاقات میں پرویز الٰہی نے بھی اسمبلیوں کی تحلیل سے پہلے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر زور دیا۔
قبل ازیں لاہور میں تجزیہ کاروں سے ملاقات میں عمران خان کاکہناتھا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کے پاس وزیراعظم سے زیادہ اختیارات ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اسمبلیاں کچھ دیر اور چلیں تاہم جو ہم انہیں کہیں گے وہ اس پر عمل کرینگے، ملک بچانے کیلئے انتخابات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں ہی اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی، چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہوں، اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے جو فیصلہ ہوا چودھری پرویز الٰہی اس کی مکمل تائید کریں گے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے آج 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔