لوئر مال (علی رامے) حکومتی اور اتحادی ارکان اسمبلی کے حلقوں میں فنڈز کی برسات، پنجاب حکومت نے اراکین اسمبلی کے حلقوں کیلئے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی سپلمنٹری گرانٹ جاری کردی۔
لاہور کو ڈیڑھ ارب روپے میں سے صرف 25 کروڑ روپے ملے، حکومتی اور اتحادی اراکین اسمبلی کو کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سکیموں کی مد میں فنڈز دیئے گئے، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام پر یہ تیسرا سال جاری ہے، حکومتی اور اتحادی اراکین اسمبلی کے حلقوں میں 25 ارب روپے کا کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام تھا۔
ذرائع کے مطابق اس پروگرام سے حکومتی اور اتحادی ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کا اجراء کیا جارہا ہے، تاکہ اراکین اسمبلی کی جانب سے پیش کی جانیوالی سکیموں کو مکمل کیا جاسکے، اضافی فنڈ جاری کرنے کی اصل وجہ پہلے سے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا ہے۔
پنجاب اسمبلی کی جاری چار ترقیاتی سکیموں کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی، پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے تعمیراتی کاموں کے لیے 20 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی، ایم پی اے ہاسٹل فیز ٹو کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ، سٹاف کوارٹرز کے تعمیراتی کاموں کے لیے 10 کروڑ اور سیشن ہال انٹیریئر ورکس کیلئے 10 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔