حکومت نے عوام پر گیس بم گرانے کی تیاری کرلی

حکومت نے عوام پر گیس بم گرانے کی تیاری کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہد ندیم سپرا) وفاقی حکومت کی جانب سے سوئی گیس کے گھریلو صارفین کیلئے 200 فیصدتک قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں،90 فیصد صارفین کے ٹیرف کو تبدیل کرنے کی سمری ارسال کر دی گئی۔

وفاقی حکومت نے صارف دشمن ٹیرف کی تیاری مکمل کر لی ہے، گھر میں کھانے پکانے کیلئے صرف چولہا جلانے والے غریب صارفین کیلئے گیس کی قیمت بڑھائی جا رہی ہے، سمری کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے 50 یونٹ تک کا گیس ریٹ121 سے بڑھا کر380 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوجائے گا، جبکہ ماہانہ 100 یونٹ والے صارفین کیلئے ریٹ300 سے بڑھا کر 353 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوجائے گا، اس طرح 400 روپے ماہانہ بل 1600 روپے تک تجاوز کر جائے گا۔

دوسری جانب امراء کیلئے ٹیرف میں کمی کی جا رہی ہے، ماہانہ 200 سے 300 یونٹ والے صارفین کیلئے گیس سستی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ماہانہ 200 یونٹ والوں کیلئے گیس 553 روپے سے کم کرکے 530 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ ماہانہ 300 یونٹ والے صارفین کیلئے گیس 738روپے سے کم کر کے 706 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوجائے گی۔

  اوگرا کے مطابق ماہانہ 400 یونٹ والے صارفین کیلئے گیس1107 روپے سے بڑھا کر 1 ہزار 273 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔

حکومت گیس صارفین پر پہلے ہی 200ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال چکی ہے، اب تک گیس کے نرخوں میں333 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے، موجودہ اضافے سے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے 90 فیصد صارفین متاثرہوں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer