(اکمل سومرو)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کو دس کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹس جاری، ایم ڈی پیف اسد نعیم نے سکولوں کے چیک پر دستخط کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اسد نعیم کے احکامات پر ایجوکیشن واؤچر سکیم سے منسلک پارٹنر سکولوں کے مارچ 2021سے جون 2021کی نیو نومینیشن کے بقایا جات ادا کر دیے گئے ہیں۔ ان بقایا جات کا 10کروڑ 60لاکھ روپے کا چیک ایم ڈی پیف اسد نعیم کی جانب سے سائن ہو کر بنک میں جمع کروا د یا گیا ہے جس کی ادائیگیاں ای وی ایس پارٹنرز کو اُن کے اکاؤنٹس میں جمعہ والے دن ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا کا کوئی ایسا شعبہ نہیں جو متاثر نہ ہوا ہے اگر بات کریں تعلیمی اداروں کی تو موذی وبا نے بچوں کی تعلیم کو اس قدر متاثر کیا ہے جس کی کوئی حد نہیں۔ بار بار سکولوں کی بندش کے سبب طلباء اور والدین ہی نہیں بلکہ اس شعبے سے منسلک لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔