وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی کو ملنے والا ہاؤس رینٹ غیر قانونی قرار

 وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی کو ملنے والا ہاؤس رینٹ غیر قانونی قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اکمل سومرو) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ملنے والا ہاؤس رینٹ غیر قانونی قرار،  یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے ہاؤس رینٹ کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے وصولی کے فیصلے کو مسترد کر دیا ۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی ہاؤس رینٹ کی مد میں ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کر رہے تھے۔ سنڈیکیٹ ممبران نے گزشتہ اجلاس میں اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ذرائع نے بتایا کہ سنڈیکیٹ ممبران نے اجلاس میں کہا کہ وائس چانسلر اپنی تنخواہ کے علاوہ الگ سے ہاؤس رینٹ وصول نہیں کر سکتا، وائس چانسلر کی تنخواہ میں تمام الاؤنسز شامل ہیں۔

سنڈیکیٹ نے وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کو ہاؤس رینٹ کیلئے محکمہ ہائیر ایجوکیشن سے رجوع کرنے کیلئے کہہ دیا ہے۔سنڈیکیٹ ممبران نے یونیورسٹی کے شعبہ جات کے سربراہان کو مدت پوری ہونے سے پہلے ہٹانے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

ممبران کا کہنا تھا کہ سنڈیکیٹ نے وائس چانسلر کو صرف عارضی چیئرمین تعینات کرنے کا اختیار دے رکھا ہے تاہم اس کیلئے بھی سنڈیکیٹ سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔وائس چانسلر نے شعبہ جغرافیہ، فلاسفی، سائیکالوجی اورسپورٹس سائنس کے چیئرمین کو عہدوں سے فارغ کیا تھا۔سنڈیکیٹ ممبران نے آئندہ اجلاس میں چیئرمین شعبہ جات کو ہٹانے کی وضاحت مانگ لی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سنڈیکیٹ اجلاس کے دوران ممبران نے یونیورسٹی کو کیلنڈر کے مطابق چلانے پر زور دیا ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer