"بھارت کو رسوائی ملے گی، کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر نا مکمل ہے، بھارت ظلم و جبر سے زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ایوان وزیراعلیٰ میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازچودھری نے ملاقات کی، جس میں تحریک آزادی کشمیر، سیاسی صورتحال اور پارٹی کے تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، عثمان بزدار اور اعجاز چودھری نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو اور کشمیری عوام پربھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی، دونوں رہنماؤں نے یوم سیاہ پر کامیاب ریلی پر عوام سے اظہار تشکر کیا اور فیصلہ کیا کہ پنجاب کے دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے آمرانہ اقدام کیا ہے اور مودی سرکار کے ظلم کی شب ختم ہونے کے قریب ہے، کشمیر کی آزادی کا دن اب زیادہ دور نہیں، بھارت کوہرسطح پر رسوائی کا سامنا ہوگا۔

عثمان بزداراوراعجاز احمد چوہدری نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کرکے دشمن کوبھر پور جواب دیا، دفاع وطن کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوان ہمارے ہیرو ہیں، وطن کی مٹی پر فدا ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہید فوجی جوان ہمار ے ماتھے کا جھومر ہیں۔

اعجاز چودھری نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی، کشمیر کل بھی ہمارا تھا اور کشمیر آج بھی ہمارا ہے، پارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس 20 اگست کو پنجاب سیکرٹریٹ میں ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی جلد پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کریں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer