(سعدیہ خان) شہرمیں کالی گھٹاؤں کا راج، ٹھنڈی ہوا نے موسم خوشگوار بنا دیا، محکمہ موسمیات نے آج لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، آج بھی بادلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور اور گردونواح میں تیز بارش کا امکان ہے، گرمی حبس اور بارش کی آنکھ مچولی کا سلسلہ ستمبر کے وسط تک جاری رہے گا۔
رواں ہفتے ہونے والی بارش کے بعد راوی میں بھی نچلے سیلاب کا خدشہ برقرار ہے، مون سون کا آخری سپیل ستمبر تک جاری رہے گا، جبکہ 15 ستمبر کے بعد موسم میں بہتری آئے گی۔