(فخر امام) مظفر آباد میں ایل اوسی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونیوالے لانس نائیک تیمور اسلم کو فوجی اعزاز کیساتھ باب پاکستان قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
مظفرآباد میں لائن آف کنٹرول پر دشمن کی بزدلانہ کارروائی کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک تیمور اسلم کی نماز جنازہ ریلوے گراؤنڈ والٹن روڈ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ صوبائی وزیر مذہبی امورو اوقاف پیرسید سعید الحسن شاہ نے پڑھائی۔
نماز جنازہ میں تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری، مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے یاسین سوہل سمیت سماجی وسیاسی شخصیات، اہل علاقہ کی بڑی تعداد اور پاک فوج کے جوانوں نے بھی شرکت کی، انہیں باب پاکستان قبرستان میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
والٹن روڈ پیر کالونی کے رہائشی لانس نائیک تیمور اسلم شہید کا جسد خاکی جمعہ کی شب ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا، شہید تیمور اسلم کے جسد خاکی کو کچھ دیر رہائشگاہ رکھنے کے بعد ایمبولینس کے ذریعے باب پاکستان قبرستان روانہ کیا گیا, پاک فوج کے افسر بھی جسد خاکی کے ہمراہ موجود تھے۔ شہید تیمور اسلم نے8 سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔
تیمور کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی، شہید نے پسماندگان میں اہلیہ اور سات ماہ کی بیٹی کو چھوڑا ہے، شہید تیموراسلم اعلیٰ اخلاق کا مالک، خوش اطوار نوجوان گھربار ہی نہیں اہل محلہ کا بھی دلارا تھا، ان کی شہادت کے اعزاز پر فخرکےساتھ ساتھ ہر آنکھ اشکبار رہی، شہید لانس نائیک تیمور اسلم کے والد محمد اسلم کا کہنا ہے کہ بیٹے کی شہادت پرفخر ہے، وہ اپنے دوسرے بیٹے کو بھی آرمی میں بھجوانے کے خواہشمند ہیں۔
شہید تیمور اسلم کے بھائی مبین اسلم کا کہنا ہے کہ انکے شہید بھائی چاہتے تھے کہ وہ بھی فوج کا حصہ بنیں، وہ اپنے بھائی کی خواہش ضرور پوری کریں گے