ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ،خیبرپختونخوا اور خطہ پوٹھوہارمیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ ، ژوب، چمن اور پشین میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم خشک اورجزوی ابرآلود رہے گا اور سکھر،لاڑکانہ، دادو اور گردونواح میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم خشک اورگرم رہنے کا امکان ہے۔
موسم کے انداز مختلف ہوتے ہیں سردی جاتی ہے تو خزاں آتی ہے جو بہار کی نوید لاتی ہے بہار پھول مہکا کر رخصت ہوتی ہے تو گرمی آن وارد ہوتی ہے لیکن اس وقت پاکستان کے طول وعرض میں موسم اپنے مختلف انداز میں رنگ جمائے ہوئے ہے۔ کسی خطے میں برفباری نے اپریل کے مہینے کو سردی میں تبدیل کر دیا ہے تو کہیں بارش سے موسم قدرے خنک ہوگیا ہے لیکن کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں سورج آگ برسانے لگا ہے۔
بالائی علاقوں میں برف کے گالے گر پڑے۔ چلاس، دیامر، بابوسر ٹاپ اورملحقہ دادیوں میں برفباری سے موسم ٹھنڈا ٹھار ہو گیا اور جاتی ہوئی سردی واپس لوٹ آئی ہے۔ بلوچستان کے قلات، خضدار، صحبت پور، اوستہ محمد سمیت مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ ٹانک، لوئر دیر، سوات، بٹگرام سمیت خیبرپختونخواہ کے مختلف شہروں میں بارش نے کہیں موسم خوشگوار تو کہیں قدرے خنک کر دیا ہے۔
شمالی علاقہ جات، کے پی اور بلوچستان سے ہوتے ہوئے اگر سندھ میں داخل ہوں تو یہاں آگ برساتا سورج اور شدید گرمی استقبال کرنے کو تیار ہے۔ گزشتہ روز جیکب آباد میں درجہ حرارت 43، سبی، خیرپور، مٹھی، شہید بینظیر آباد، روہڑی اور سکرنڈ میں 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اس کے علاوہ کالام، دورش میں 13، دیر میں 11، بونیر 9، پارا چنار اور کاکول میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں 4، پاراچنار 10 اور مالم جبہ میں 8 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ 20 اپریل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے جب کہ سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔