فاران یامن:اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا انتخاب جعلی، وزیراعلیٰ کا الیکشن آئین کے مطابق نہیں ہوا، جب کچھ ہوا ہی نہیں تو نوٹیفکیشن کیسا؟، ان کی جانب سے ایوان میں تشدد کے واقعہ پر پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی جمع کرادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ رانا مشہود کے کہنے پر ایکدم سارے آگئے، میرا بازو توڑ دیا گیا ہے، مجھے آدھے پونے گھنٹے بعد ہوش آیا، ان کو آرڈر تھا کہ مجھے نہیں چھوڑنا، چیف سیکرٹری، کمشنر، ڈی سی ساری کارروائی کو خود مانیٹر کررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کا اجلاس غیرقانونی ہے، ہم یہ نہیں کہتے کہ ہمارے لیے رات کو بارہ بجے عدالتیں کھولیں، ہم چاہتے ہیں دن کی روشنی میں ہمیں انصاف ملے، ڈی آئی جی آپریشنز خود ڈنڈے مار رہا تھا، ہم نے ایف آئی آر کٹوا دی ہے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن آئین کے مطابق نہیں ہوا، کل سے کسٹوڈین ہاؤس میں ہوں، جب کوئی چیز نہیں ہوئی تو نوٹیفیکشن کیسا جاری کریں؟ اسمبلی کے اندر عدالتوں کا کنڈکٹ نہیں ہوسکتا، حمزہ شہباز کا الیکشن جعلی ہے۔
اس سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی مقدمہ کے اندراج کے لئے تھانہ قلعہ گجر سنگھ پہنچے، ان کے ساتھ بڑی تعداد میں ارکان اسمبلی بھی تھے، انہوں نے پنجاب اسمبلی میں ہونے والے واقعے کے مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست بھی دی۔
چودھری پرویزالٰہی نے اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درخواست جمع کروائی تو ایس ایچ او نے میڈیکل کروانے کی ہدایت کردی، جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیکولیگل رپورٹ کے حصول کے بعد حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائےگی.