سٹی42: معاشرے میں عدم برداشت کا رویہ بڑھتا جا رہا ہے کہ ذرا ذرا سی بات پر تلخ کلامی اتنی بڑھ جاتی ہے کہ ایک انسان دوسرے انسان کی جان تک لینے سے گریز نہیں کرتا۔ مکان خالی کرانے پر کرائے دار کی فائرنگ سے مالک مکان زخمی، فائرنگ کی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل کوٹ لکھپت کے علاقے میں میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا۔سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرایہ دار مالک مکان سے گالم گلوچ کر رہا ہے اور اسی دوران ان کی جانب سے اسلحہ نکالنے پر مالک مکان نے بھاگ کر جان بچا ئی۔
کرائے دار مالک مکان کا تعاقب کر کے گولیاں چلاتے رہے،فائرنگ کی زد میں آکر مالک مکان زخمی ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزموں نے ضمانت کرالی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے اقبال ٹاؤن میں کرایہ مانگنے پر مسلح افراد نے بیوہ خاتون اور اس کے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنایا ،مسلح افراد دفتر میں گھس کر بیٹے اور خاتون پر تشدد کرتے رہے، واقعہ کی سی سی ٹی وی میں ملزمان کو ماں بیٹے کو تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔متاثرہ خاتون عاصمہ کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں تشدد ثابت ہو نے کے باوجود پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ملزم خورشید نے کچھ عرصہ قبل تین دوکانیں کرائے پر لیں،ملزمان نہ کرایہ دیتے ہیں نہ ہی دوکانیں خالی کرتے ہیں۔متاثرہ خاتون نے پولیس حکام سے انصاف کا مطالبہ کیا۔