( عرفان ملک ) پولیس شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ قتل، ڈکیتی جیسے لرزہ خیز واقعات نے عوام میں خوف وہراس پیدا کردیا ہے۔
شہر میں لاک ڈاؤن کے دنوں میں بھی شہر میں ڈاکے، چوریا اور قتل جیسی وارداتیں ہورہی ہیں، شہریوں کے تحفظ کے لئے سکیورٹی ادارے ملزمان کو نکیل ڈالنے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ بڑھتے ہوئے جرائم نے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، ملزمان دن دیہاڑے شہریوں سے لوٹ مار کررہے ہیں، مزاحمت کرنے پر بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
ایسے ہولناک واقعات کی وجہ سے لوگوں کا طرز زندگی اور کاروبار متاثر ہوکررہ گیا ہے، لاک ڈاؤن نے بھی اپنا حصہ شامل کیا جس کی وجہ سے کاروباری طبقہ گھروں میں قید ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جو لوگ ان دنوں کاروبار کی غرض سے گھروں سے نکلتے ہیں وہ غیر محفوظ ہیں، شہر میں ڈاکے، چوریاں بھی عروج پر ہیں۔
سی آئی اے پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث ریکارڈ یافتہ لیڈیز گینگ کی 6 ملزمان گرفتار کرلیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لیڈیز گینگ کی اراکین گھروں میں نوکرانی بن کرملازمت اختیار کرتی تھیں، کچھ ہی دن بعد مکمل ریکی کرتیں اور اپنے ساتھیوں کی مدد سے گھر کا مکمل صفایا کرکے فرار ہوجاتی تھیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں گروہ کی سرغنہ صباء بی بی اور اس کی ساتھی فوزیہ، شمیم، نسیم، سونیا اور امجد شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان سے 2 کروڑ روپے نقدی، پرائز بانڈز اورن اجائزاسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان عرصہ دراز سے پولیس کو مطلوب تھیں۔