(علی ساہی) ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا جبکہ پنجاب پولیس کے یونیفارم کی قیمت کو ریورس گیئر لگ گیا، نیااسلام آباد طرز کا یونیفارم پہلے کنٹریکٹ سے اڑھائی سو روپے کم ریٹ پر خریدنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔
سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے دور میں خاکی پینٹ اور کالی شرٹ کو تبدیل کر کے اولیو گرین رنگ کی وردی دو سال قبل متعارف کرائی گئی تھی، اولیو گرین وردی پنجاب پولیس کی وردیوں میں سب سے مہنگی تھی جو کہ 2 ہزار سے زائد روپے میں خریدی گئی جس کا کنٹریکٹ نشاط کو دیا گیا تھا، دوسرا اولیو گرین یونیفارم تقریبا 200 روپے کے کم ریٹ سے ارشد فیبرکس سے 1800 روپے میں خریدا گیا۔
سابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے یونیفارم تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا، اسلام آباد پولیس کے طرز کی یونیفارم کا کنٹریکٹ جاری کرنے کے آخری مراحل میں ہے، حکومت کی جانب سے بنائی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی منظوری کے بعد سمری وزیراعلیٰ کے سائن کی منتظر ہے، جس کی منظوری کے بعد آئی جی پنجاب فنائنشل بڈ کی اجازت دیں گے۔
متعلقہ افسران کا کہنا ہے کہ اس سال کنٹریکٹ 1750 روپے میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔