سٹی42: اگست میں تحلیل ہونے والی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد مسلم لیگ نون میں شامل ہو گئے۔
راجہ ریاض نے لندن جا کر قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف اور صدر جماعت شہباز شریف سے ملاقات کی اور مسلم لیگ نون میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔
مالم لیگ نون کے زرائع کا کہنا ہے کہ راجہ ریاض احمد نے نواز شریف صاحب کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ھوۓ مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار، میاں ناصر جنجوعہ، عطاءاللہ تارڑ، ملک احمد خان، اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز بھی موجود تھے۔
پاکستان کے سوشل میڈیا میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ راجہ ریاض کے بعد قومی اسمبلی میں ان کا ساتھ دینے والے بہت سے سابق ارکان قومی اسمبلی بھی مسلم لیگ نون میں شامل ہونے والے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے بعض سابق ارکان قومی اسمبلی کو مسلم لیگ نون میں شامل کرنے کے حوالہ سے نون لیگ کے قومی سمبلی کے ارکان، امیدواروں اور کارکنوں کے تحفظات تھے، بعض لوگوں کی مسلم لیگ نون میں شمولیت کے حوالہ سے کافی عرصہ سےے رابطہ کاری کی جا رہی ہے لیکن مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی میں تاخیر کے سبب کئی اہم فیصلے اب تک معرض التوا میں رہے ہیں جن میں سے ایک تحریک انصاف کے سابق ارکان اسمبلی کی پارٹی میں انڈجسٹمنٹ کا معاملہ بھی شامل تھا۔ تاہم اب کہا جا رہا ہے کہ راجہ ریاض کی مسلم لیگ نون میں شمولیت کے بعد ان کے گروپ کے ارکان کی شمولیت کا راستہ بھی کھل گیا ہے۔