ویب ڈیسک : معاشی بدحالی نے اہم حکومتی ادارے کو کنگلا کر دیا، بل کی عدم ادائیگی کے باعث ہیلپ لائن نمبر ہی بند ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق آمدو رفت میں ریڑھ کی ہڈی سمجھا جانے والا سرکاری محکمہ ریلوے زبوں حالی کا شکار ہے ، بل کی عدم ادائیگی کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے قائم کی گئی انکوائری نمبر 117 بل کی عدم ادائیگی کے باعث 22 روز سے بند پڑا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لاہور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کی سہولت اور انہیں ٹرینوں کی آمدورفت کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے انکوائری 117 قائم کی گئی تھی ، ریلوے حکام کی جانب سے فون بل کی عدم ادائیگی پر پی ٹی سی ایل حکام نے نادہندہ ہونے پر انکوائری 117 کانمبر بند کر دیا ہے اور کئی ہفتے گزر جانے کے باوجود ابھی تک بل ادانہیں کیا جا سکا،ذرائع نے بتایا کہ انکوائری نمبر 117سے ٹرینوں کی آمدورفت کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے 12 لائنیں ہیں جو اس وقت تمام بند پڑی ہیں اور مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔