(ویب ڈیسک)ملک میں آٹے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، کراچی اور کوئٹہ میں آٹےکا20 کلو تھیلا ریکارڈ 2400 روپے تک پہنچ گیا، ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 250 روپے تک مہنگا ہواہے ۔
ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق حالیہ ہفتے کراچی اور کوئٹہ میں آٹے کا فی کلو120 روپے تک ہوگیا ہے، کراچی اور کوئٹہ کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبورہیں،حالیہ ہفتے کراچی میں آٹےکا20 کلو کا تھیلا200 روپے،خضدار250 روپے ،لاڑکانہ200 اور حیدر آباد میں آٹے کا تھیلا160 روپے،اسی طرح سکھر میں 20 کلو آٹَے کا تھیلا160،کوئٹہ100 اور بنوں میں آٹےکا تھیلا90روپے تک مہنگا ہوا۔
دستاویز کے مطابق حیدر آباد میں آٹے کا20کلو کا تھیلا2260 روپے،خضدار میں آٹے کا20 کلو کا تھیلا2200 روپے تک میں دستیاب ہے۔لاڑکانہ میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 2100 روپے،سکھر2040،بنوں میں آٹے کاتھیلا1950 روپے تک میں فروخت ہورہاہے، پنجاب کے بڑے شہروں اسلام آباداور پشاور میں آٹےکا20کلو کاتھیلا 980 روپے تک میں دستیاب ہے۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ بھی جاری کی جس کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز 16.24- ٹماٹر 9.84 -کیلے 2.50 اور چکن 1.88 فیصد سستا ہوا۔ حالیہ ہفتے چینی،گھی،آلو کی قیمت میں بھی کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں چائے 6.30 - آٹا 1.96-دال مونگ 3.46 اور انڈے 2.54 فیصد مہنگے ہوئے۔