( عثمان علیم ) پنجاب حکومت کے پولیس کی کارکردگی کو بہتر کرنے کی دعوے ہوا ہوگئے، گزشتہ سال کی نسبت جرائم میں اضافہ، پنجاب پولیس کی کارکردگی رپورٹ دیکھ کر وزیراعظم کا بھی اظہار برہمی۔
وزیراعظم عمران خان کو پولیس کی یکم ستمبر سے اب تک کی پیش کی گئی کارکردگی رپورٹ سٹی فورٹی ٹو نے حاصل کر لی ہے، رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت قتل کے واقعات میں اضافہ، 168 اضافی واقعات کے بعد رواں سال قتل کے واقعات کی کل تعداد 3034 ہوگئی۔
گزشتہ سال کی نسبت چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا، گزشتہ سال چوریوں کی 11 ہزار 338 وارداتیں ہوئیں جبکہ رواں سال 1985 اضافی وارداتوں کے بعد تعداد 13 ہزار 323 تک جاپہنچی، رواں سال دوران ڈکیتی قتل کی وارداتوں میں تین فیصد اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال دوران ڈکیتی 100 جبکہ رواں سال 105 افراد قتل ہوئے۔
زیادتی کے واقعات کی بات کی جائے تو گزشتہ سال کی نسبت ان واقعات میں اضافہ ہوا ہے، سال 2019 میں زیادتی کے 2565 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال نو ماہ میں 2523 کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ سال کی نسبت گینگ ریپ کیسز کی شرح میں بھی اضافہ ہوا، گزشتہ سال 149 کینگ ریپ رجسٹرڈ ہوئے جبکہ رواں سال صرف نو ماہ میں 132 کیسز درج ہوئے ہیں۔
گزشتہ سال زیادتی کے بعد قتل کے 30 جبکہ رواں سال 17 کیسز کا اندراج ہوا، بچوں سے زیادتی کے واقعات میں بھی اضافہ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ سال 516 جبکہ رواں سال نو ماہ میں بچوں سے زیادتی کے چھ سو کیسز رپورٹ ہوئے، اسی طرح گزشتہ سال چھوٹی بچیوں کے ساتھ زیادتی کے 102 جبکہ رواں سال نو ماہ میں 107 کیسز اب تک رجسٹر ہوئے۔
منشیات کے کیسز میں بھی گزشتہ سال کی نسبت اضافہ، گزشتہ سال منشیات کے 19 ہزار 494 کیسز جبکہ رواں سال 19 ہزار 842 کیسز رپورٹ ہوئے اور جوئے کے کیسز میں بھی اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال 2560 جبکہ رواں سال 3494 کیسز کا اندراج ہوا۔