اپوزیشن نے حکومت کو جھٹکا دے دیا

اپوزیشن نے حکومت کو جھٹکا دے دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: اپوزیشن نے حکومت کو جھٹکا دے دیا  ۔کل قومی اسمبلی سے منظور ہونے والا انسداد دہشتگردی ترمیمی بل سینیٹ سے مسترد ہوگیا۔


چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) سے متعلق منظور کیے جانے والے انسداد دہشت گردی بل کو پیش کیا گیا۔ اپوزیشن نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کی مخالفت میں ووٹ دیے، بل کے حق میں 31 اور مخالفت میں 34 ووٹ آئے جس کے بعد بل کو کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا۔

تاہم سینیٹ میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق ایک اور کوآپریٹو سوسائٹی بل پیش کیا گیا جسے منظور کرلیا گیا جب کہ جماعت اسلامی نے اس بل کی مخالفت میں ووٹ دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) سے متعلقہ تیسرا انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020 کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔انسداد دہشت گردی تیسرے ترمیمی بل 2020 کے مطابق تفتیشی افسر عدالت کی اجازت سے 60 دن میں بعض تکنیکس استعمال کر کے دہشت گردی میں رقوم کی فراہمی کا سراغ لگائے گا، ان تکنیکس میں خفیہ آپریشنز، مواصلات کا سراغ لگانا اور کمپیوٹر سسٹم کا جائزہ لینا شامل ہے۔

یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے  ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ اپوزیشن ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر حکومت کو بلیک میل کرکے نیب کیسز  سے جان چھڑانا چاہتی ہے، اپوزیشن این آر او چاہتی ہے جو میں کبھی نہیں دوں گا، اپوزیشن کو این آر او دے دیا تو میں اپنے ملک اور نظریے سے غداری کروں گا۔

دوسری جانب اپوزیشن رہنما وزیر اعظم کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم ملکی مفاد میں حکومت کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں لیکن حکومت ہمارے تعاون کو غلط رنگ دے رہی ہے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer