(شاہد ندیم سپرا) لیسکو سمیت بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے کے خلاف ملازمین نے ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔
لیسکو سمیت دیگر کمپنیوں کی ممکنہ نجکاری کےخلاف آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین نے ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے، واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے بجلی کی کمپنیوں کی نجکاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا، فیصلے کے بعد نجکاری کے معاملے کو مکمل کرنے کا کام تیز کر دیا گیا۔
اس حوالے سے چند روز قبل وفاقی حکومت نے نجکاری کرنے کا باقاعدہ اعلان بھی کیا جس کے بعد ملازمین نے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد نے بتایا کہ منافع اداروں کو فروخت کیا جا رہا ہے ، ملازمین نجکاری کے راستے مین رکاوٹ کا کردار ادا کریں گے اور حکومت منافع بخش محکموں کو فروخت نہیں کر سکے گی۔