پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، شدید فائرنگ کے باعث دہشت گرد فرار

پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، شدید فائرنگ کے باعث دہشت گرد فرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اسرارخان) تھانہ مکڑوال کے پہاڑی علاقہ ڈیڈوال میں میانوالی پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ،دہشت گرد پولیس کی شدید فائرنگ  سے پسپا ہونے پر مجبور، اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوہ میدان خیبرپختونخوا کیطرف فرارہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق  تھانہ مکڑوال کے پہاڑی علاقہ ڈیڈوال میں میانوالی پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ پیش آیا۔

 ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ میانوالی پولیس کو مکڑوال کے پہاڑی علاقے میں 10 سے 12 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے باعث ڈی ایس پی سرکل عیسی خیل کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ عیسیٰ خیل، مکڑوال، کمرمشانی پر مشتمل پولیس ٹیموں نے پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔

 سرچ آپریشن کے دوران تقریبا شام  4 بجے لمشی وال مکڑوال میں موجود ناز پاکستان مائنز کے قریب دہشت گردوں نے پولیس پارٹیوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس کے افسران و جوان ڈٹ گئے اور جوابی کاروائی کرتےہوئے  دہشت گردوں پر بھرپور وار کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔

ترجمان پنجاب پولیس کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان دو گھنٹوں تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور  ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ خان مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مکڑوال پہنچ گئے۔

دہشت گرد پولیس کی شدید فائرنگ  سے پسپا ہونے پر مجبور، اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوہ میدان خیبرپختونخوا کیطرف فرارہو گئے۔ 

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کے افسران و جوان کراس فائرنگ میں محفوظ رہے، کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ  دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ  پنجاب پولیس امن دشمن عناصر کا اسی طرح جواں مردی سے مقابلہ کرتی رہے گی، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرکے دم لیں گے۔