(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے متعلق بیان پر وضاحت کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری نے کہا کہ امریکی صدرخوشحال اورمحفوظ پاکستان کے حق میں ہیں، اُن کے بیان میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔
وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری نے کہا کہ امریکی صدر سمجھتے ہیں کہ محفوظ اورخوشحال پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کیمپین کمیٹی سے خطاب میں پاکستان کو خطرناک ترین ملک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان دنیا کے خطرناک ترین جوہری ممالک میں سے ایک ہے، اُس کے جوہری ہتھیار میں کوئی باضابطگی اور ہم آہنگی نہیں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایٹمی اثاثے بالکل محفوظ اور عالمی قوانین کے مطابق ہیں۔ پاکستان کی جانب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور انہیں ڈی مارش بھی کیا گیا۔