ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ضمنی انتخاب: 8 قومی اور 3 صوبائی حلقوں میں پولنگ جاری

Municipal Election
کیپشن: Municipal Election
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔

کراچی، ملتان،مردان، چارسدہ، پشاور، فیصل آباد اور ننکانہ سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔یہ قومی اسمبلی کی نشستیں پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بعدخالی ہوئی تھیں۔

 747 پولنگ اسٹیشنزانتہائی حساس قرار 

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق   ضمنی انتخابات والے حلقوں میں 24لاکھ 60ہزارمرد اور 20 لاکھ 28ہزار کے قریب خواتین رجسٹرڈووٹرز موجود ہیں۔   ضمنی انتخاب والے 11حلقوں میں 2937پولنگ سٹیشنز موجود ہیں جن میں سے 806مردانہ، 713 زنانہ جبکہ 1416 مشترکہ پولنگ سٹیشنز ہیں۔ 11 حلقوں میں   پولنگ بوتھ کی کل تعداد 9869 ہے جن میں 5294مردانہ اور 4575زنانہ پولنگ بوتھ ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے  747 انتہائی حساس جبکہ 694   پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ان حلقوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے 100 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے آٹھ میں سے سات حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان خود الیکشن لڑ رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے آٹھویں حلقے این اے 157 ملتان سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی میدان میں ہیں، یہ نشست زین قریشی کے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر خالی ہوئی تھی جب کہ قومی اسمبلی کی باقی نشستیں سپیکر کی جانب سے تحریک انصاف کے استعفوں کی منظوری کے نتیجے میں خالی ہوئی تھیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات کی  سیکیورٹی کے لئے پولیس، رینجرز اور پاکستان آرمی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ  حاملہ خواتین، خواجہ سراء، معذور افراد اور بزرگ ووٹر ز کا ووٹ ترجیحی بنیادوں پر کاسٹ کر وایا جائے گا۔

ضمنی الیکشن ، مختلف شہروں میں کارکن آمنے سامنے,پولیس کیساتھ بھی ہاتھاپائی

ضمنی الیکشن ، قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری، مختلف شہروں میں پولنگ سٹیشنز کے باہر کارکن ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے، کہیں کہیں پولیس کیساتھ بھی جھگڑے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

 پشاورمیں میونسپل گرلز انٹرکالج کے پولنگ سٹیشن میں تحریک انصاف کےایم پی اے اوراے این پی کےکارکنوں میں تلخ کلامی ہو گئی، پولنگ سٹیشن میں تحریک انصاف کے ایم پی اے آصف خان کی آمد پرعوامی نیشنل پارٹی کے کارکن مشتعل ہو گئے۔کارکنوں نے ایم پی اے کے خلاف نعرےلگائے، اس دوران ایم پی اے اور اے این پی کے کارکنوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی ،پولیس نے دونوں پارٹیوں کے سپورٹرز کو باہر نکال دیا۔

دوسری جانب ملتان میں پولنگ سٹیشن نمبر 72 میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے اور موبائل کے استعمال پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، پریذائیڈنگ آفیسر نے غیر متعلقہ شخص کو پولیس کے حوالے کیا، مذکورہ شخص کو خواتین کے پولنگ سٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔

ادھر فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، ضمنی الیکشن کے دوران موبائل فون کا پولنگ بوتھ پر استعمال ہو رہا ہے، ووٹر کی جانب سے اپنے من پسند امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرنے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، شہری نے بیلٹ پیپر پر نشان لگا کر تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

عوامی نیشنل پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ

این اے 31 پشاور میں ضمنی الیکشن کے لیے جاری پولنگ کے دوران عوامی نیشنل پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رکنِ صوبائی اسمبلی آصف خان کی میونسپل انٹر گرلز کالج آمد کے موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے ان کے خلاف نعرے لگائے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے ایم پی اے آصف خان اور اے این پی کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پولیس نے دونوں پارٹیوں کے حمایتوں کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا۔پورے واقعے کے دوران پولنگ کا عمل وقتی طور پر تعطل کا شکار رہا جو پولیس کی مداخلت کے بعد دوبارہ شروع کرا دیا گیا۔

پولنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی اہم ہدایات

الیکشن کمیشن نے   پولنگ کے عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش  کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتارکرنے کی ہدایات جاری کردیں۔الیکشن کمیشن نے تینوں صوبائی الیکشن کمشنرز کو   ہدایات جاری کی ہیں کہ اگر کوئی شخص بھی پولنگ کے عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے تو اس کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق اس کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کی اگر کوئی سرکاری ملازم دھاندلی میں ملوث پایا جائے تو نہ صرف اس کو فوری گرفتار کیا جائے بلکہ اس کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے۔