ویب ڈیسک : امریکی حکومت نے مشرق وسطیٰ اور ایشیا بھر سے انسانی سمگلنگ میں ملوث پاکستانی شہری عابد علی خان کی گرفتاری اوراس کے نیٹ ورک کے خاتمے میں مدد دینے والوں کیلئے دس، دس لاکھ ڈالر کے دو انعامات کا اعلان کیا ہے۔
امریکی دفتر خارجہ کے مطابق عابد علی خان غیر قانونی مہاجرین کو مشرق وسطیٰ اور جنوب مغربی ایشیا کے ممالک سے امریکا سفر کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ امریکا کے مطابق عابد علی خان پاکستان سے مختلف ممالک کے راستے سفر کی پلاننگ اور معاونت کے علاوہ جعلی دستاویزات فراہم کرنے میں بھی ملوث ہے۔ امریکی حکومت نے عابد خان اور اس کے نیٹ ورک سے متعلق معلومات دینے پر دو مختلف انعام کا اعلان کیا ہے۔
پہلا انعام دس لاکھ ڈالر تک کا ہے جو عابد علی کی گرفتاری اور اس کے خلاف مقدمہ تیار کرنے میں مدد کی معلومات فراہم کرنے والے کو دیا جائے گا جبکہ دوسرا دس لاکھ ڈا لر کا انعام سمگلنگ نیٹ ورک کے معاشی نظام سے متعلق معلومات دینے والے کو دیا جائے گا۔ اس سے قبل 7 اپریل کو امریکی وزارت انصاف نے عابد علی خان کے خلاف ورجینیا کی ایک عدالت میں فیڈرل مقدمہ شروع کیا تھا جس میں ان پر غیر قانونی تارکین وطن کو امریکا تک پہنچانے میں مدد کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اسی دن امریکی محکمہ خزانہ نے عابد علی خان اور اس کی تنظیم پر پابندیاں بھی عاید کر دی تھیں۔