( شہزاد خان ابدالی ) شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر زبردست اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جمعہ کے روز سونے کی قیمت میں 200 روپے کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے صرافہ بازاروں میں سونا مزید مہنگا ہونے کا سلسلہ تاحال برقرار ہے، جمعہ کے روز سونا 200 روپے فی تولہ مہنگا ہوا جس کے بعد خالص 24 قیراط فی تولہ سونا 1 لاکھ 16 ہزار روپے میں فروخت ہوا اور بائیس قیراط فی تولہ سونا 1 لاکھ 6 ہزار333 روپے میں فروخت کیا گیا۔
اسی طرح اکیس قیراط فی تولہ سونے کے نرخ 1 لاکھ 1 ہزار500 روپے رہے جبکہ چاندی 40 روپے بڑھ کر 1230 روپے فی تولہ میں فروخت ہوئی۔ خواتین صارفین نے سونے کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ سونے کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سونا متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر نکل گیا ہے۔
یاد رہے دو روز قبل صوبائی دارالحکومت کے صرافہ بازاروں میں سونا 500 روپے فی تولہ مہنگا ہوا تھا۔