شہزاد خان ابدالی: آل پاکستان انجمن تاجران نے پنجاب حکومت کے بجٹ دوہزار اٹھارہ انیس کو مسترد کردیا۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز اور دیگر تاجر رہنماؤں نے بجٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں صنعت وتجارت اور تاجروں کیلئے کچھ نہیں، تبدیلی سرکار سے بھی مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے رہنماؤں نے مرکزی صدر خالد پرویز کے ہمراہ اردو بازار میں بجٹ تقریر سنی، بجٹ دوہزار اٹھارہ انیس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خالد پرویز نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے وعدوں کے برعکس بجٹ دیا۔
اس بجٹ میں تاجروں کیلئے الفاظ کے گورگھ دھندے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے امیدیں وابستہ کرنے والے تاجروں کو شدید مایوسی ہوئی۔جنرل سیکرٹری انجمن تاجران اردو بازار امتیاز علی نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں ٹیکسز کی چکی میں پسنے والی تاجر برادری کیلئے کچھ بھی نہیں ہے امتیاز علی نے کہا کہ صنعت وتجارت شاید حکومت کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا صوبائی وزیر خزانہ نے یہ تو بتایا کہ لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہیں مگر ان عوامل کے تدارک کیلئے بجٹ میں کچھ نہیں جن کے باعث بچے سکولز نہیں جارہے۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ جب تک وفاقی اور صوبائی حکومتیں صنعت وتجارت کی بہتری کیلئے خطیر رقوم مختص نہیں کرتیں معاشی واقتصادی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔