(عابدچودھری)ہربنس پورہ میں جواں سالہ لڑکی کا قاتل اس کا کزن نکلا۔ ملزم طاہر نے اعتراف جرم کر لیا۔ ملزم نے کہا اس نے محض ایکٹنگ کیلئے پستول تانی تاہم حادثاتی طور پر گولی چل گئی۔
پولیس کے مطابق ہربنس پورہ میں جواں سالہ لڑکی کے قتل کی ون فائیو پر اطلاع ملی جس میں کہا گیا کہ ڈاکووں نے فائرنگ کر کے لڑکی کو قتل کیا ہے، پولیس افسران موقع پر پہنچے تو معاملہ مشکوک نکلا۔
تحقیقات میں پتہ چلا کہ لڑکی کا قاتل اُس کاکزن طاہر ہے، جو گھر میں کام کی غرض سے آیا ہوا تھا۔ ملزم طاہر نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لڑکی کو دکھانا چاہتا تھا کہ اس کے پاس پستول ہے، اس نے ایکٹنگ کرتے ہوئے پستول تانی تاہم حادثاتی طور پر گولی چلنے سے لڑکی کی موقع پر موت ہو گئی۔
قبل ازیں یہ اطلاعات موصول ہوئیں تھیں کہ والٹن سےبسمہ نامی لڑکی اپنے کزن جاوید کے ہمراہ ہربنس پورہ مین بازار میں گئی،بسمہ ہربنس پورہ میں غلام مصطفیٰ کے گھر پہنچی ،جہاں اسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔واردات کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
جاوید اور مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بسمہ جاں بحق ہو گئی ،پولیس نے حالات مشکوک ہونے پر مقتولہ کے کزن جاوید اور مصطفیٰ کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق بسمہ گردن پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی، جس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہے یا کچھ اور موقع سے شواہد اکٹھے کر کے حراست میں لئے جانے والے دونوں افراد سے تحقیقات جاری ہیں ۔