سٹی42:وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ تبدیلی کا سفر پاکستان سے ہوتا ہوا گلگت بلتستان تک پہنچ چکا ہے۔اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گلگت بلتستان نے اپنے دیرینہ مسائل کے حل کے بیانیے کو ووٹ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ دو ادوار میں دونوں جماعتوں نے کھوکھلے دعووں کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے آئینی حقوق دینے کے لئے سنجیدہ ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے وزیراعظم عمران خان پر اپنا اعتماد واضح کردیا ہے۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان نے مجرمہ مریم اور مفرور نواز کا ملک دشمن بیانیہ دفن کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی تا حال جاری ہے، 23 نشستوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 19نشستوں کے مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آگئے ہیں۔ 7 نشستوں پر آزاد امیدوار، 6 پر تحریک انصاف، 4 پر پیپلز پارٹی، ایک نشست پر مجلس وحدت المسلمین ( ایم ڈبلیوایم) نے جبکہ ایک نشست پر مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔ گلگت بلتستان انتخابات میں 4 حلقوں کے مکمل نتائج آنا باقی ہیں، 2 حلقوں میں پی ٹی آئی، 1 میں مسلم لیگ ن اور ایک میں پی پی پی کے امیدوار آگے ہیں۔