( اکمل سومرو ) محکمہ ہائر ایجوکیشن کی نااہلی سامنے آگئی، بی ایس کالجوں کے طلباء کا مستقبل مخدوش ہوکر رہ گیا، لاہور سمیت پنجاب کے 66 کالجوں میں بی ایس کو پڑھانے کیلئے کالج ٹیچرز انٹرن تاحال بھرتی نہ ہوسکے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے 66 کالجوں میں بی ایس کو پڑھانے کیلئے کالج ٹیچرز انٹرن تاحال بھرتی نہیں کیے گئے جس کے باعث طلباء کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ کالجوں میں بی ایس آنرز کو پڑھانے کیلئے 819 اساتذہ درکار ہیں اور یہ اساتذہ سی ٹی آئی کی صورت میں بھرتی کیے جانا تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سی ٹی آئیز کی بھرتیوں کی منظوری دے رکھی ہے تاہم محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی نااہلی اور غفلت کے باعث ان بھرتیوں کیلئےاشتہار ہی جاری نہیں ہو سکے۔
دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سمیت دیگر یونیورسٹیوں کی کالجوں کو وارننگ جاری کر دی ہے کہ کلاسز پڑھانے کیلئے اساتذہ آئندہ ہفتے تک بھرتی نہ ہوئے تو جامعات کالجوں کے بی ایس پروگرام کا الحاق منسوخ کر دیں گی۔ لاہور میں بی ایس کالجوں میں طلباء کو پڑھانے کیلئے 290 اساتذہ درکار ہیں۔