(سالک نواز) پنجاب حکومت نے فنکاروں کے لیے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کی نوید سنا دی۔ پہلے مرحلے میں 10 ہزار فنکاروں کو ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے الحمرا ہال میں سینئر فنکاروں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ جس سے وہ ایک سال میں 4 لاکھ تک مفت علاج کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنگرز اور ڈرامہ فنکاروں کو مختلف شوز میں اپنی پرفارمنس دکھانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے عوض انہیں ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ فنکاروں کو ہر ماہ ملنے والے وظیفے کو بند کیا جا رہا ہے۔ ہم فنکار کو بھکاری نہیں بنانا چاہتے۔ ایک لاکھ روپے پرفامنس کی بنیاد پر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 30سال سے زائد عمر کے فنکاروں کے لئے پنجاب میں سکروٹنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، صوبے میں 200فنکاروں اور گلوکاروں میں ان کی کارکردگی,اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر2 کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے ۔
کرکٹر شاہد آفریدی کے حوالے سے سوال پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شاہد آفریدی پاکستان کا ہیرو ہے۔ بعض اوقات الفاظ کی ادائیگی غلط ہو جاتی ہے۔ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
فنکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رات10بجے فنکشن ختم کرنے اور سائونڈ سسٹم پر پابندی کی شرط کو ختم کیا جائے۔ اس موقع پر گلوکارہ حمیرا ارشد، انور رفیع، خالد عباس ڈار، اورنگزیب لغاری، سید نور، حامد علی خان اور نشو بیگم سمیت دیگر فنکار بھی موجود تھے۔