(وقاص احمد)لاہور پولیس کا ایک اور جوان کورونا وائرس سے لڑتے ہوئےشہید ہو گیا، 36 سالہ رمضان عالم کورونا وائرس مثبت آنے پر جناح ہسپتال میں زیر علاج تھا۔
تفصیلات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل رمضان عالم کے کورونا ٹیسٹ کےلئے11 مئی کو سیمپل لئے گئے تھے۔ رمضان عالم کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر جناح ہسپتال میں زیر علاج تھا۔رمضان عالم بطور نائب ریڈر ایس ڈی پی او اقبال ٹاؤن سرکل فرائض سرانجام دے رہا تھا۔
شہید ہیڈ کانسٹیبل فتح گڑھ مغلپورہ کا رہائشی اور محکمہ پولیس میں اٹھارہ سال قبل بھرتی ہوا تھا۔شہید کے سوگواران میں بیوی، تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب سے شہید ہیڈ کانسٹیبل رمضان کےلئے شہید پیکیج کی سفارش کی جائے گی۔ شہید کے اہل خانہ کی تمام تر ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ لاہور پولیس کورونا وائرس میں سب محکموں سے زیادہ متاثر ہوئی۔
یاد رہے اس سے قبل لاہورپولیس میں کورونا وائرس سے پہلی شہادت ہوئی جب 27 سالہ ہیڈ کانسٹیبل شمس شفیق کورونا وائرس سے شہید ہوگیا۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ ہربنس پورہ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل شمس شفیق کی کورونا رپورٹ مثبت آئی تھی جس پر وہ میو اسپتال میں زیر علاج تھا لیکن جانبر نہ ہوسکا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ شمس شفیق سکندریہ کالونی کا رہائشی اور تین بچوں کا باپ تھا۔سی سی پی او ذوالفقار حمیدنے شمس شفیق کو لاہور پولیس کی طرف سے سلام پیش کیا۔