15 مارچ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کاعالمی دن قرار

 15 مارچ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کاعالمی دن قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اسلام آباد(این این آئی) اقوام متحدہ نے 15 مارچ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کاعالمی دن قرار دیدیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ امت مسلمہ کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں، اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف ہماری آواز سنی گئی، اقوام متحدہ نے اوآئی سی کی پاکستان کی طرف سے متعارف قرارداد منظور کرلی۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی طرف سے پاکستان کی متعارف کروائی گئی تاریخی قرارداد منظور کر لی۔وزیر اعظم نے بتایا کہ قرارداد کے مطابق 15 مارچ کو اسلاموفوبیا سے نمٹنے کاعالمی دن قرار دیا گیاہے، اقوام متحدہ نے بالآخر دنیا کو درپیش اسلاموفوبیا کا سنگین چیلنج تسلیم کرلیا، اگلا چیلنج اس تاریخی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اورسیز ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو علم ہے اسلاموفوبیا کیا ہے، فخر ہے دنیا میں اسلاموفوبیا کا مسئلہ اٹھایا، آج اقوام متحدہ میں قرارداد منظور ہوگی۔

مزید برآں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اسلاموفوبیا سے متعلق بیان میں کہا کہ اسلاموفوبیا سے مسلمانوں پرتشدد میں اضافہ ہوا، نائن الیون کے بعد مسلمانوں پرتشدد کے واقعات بڑھے، عمران خان نے اسلاموفوبیا کیخلاف اقوام متحدہ میں آواز اٹھائی۔