(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک عدم اعتماد کی وجہ سے ملک کا سیاسی ماحول گرم ہے، میل ملاقاتوں، جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا، سینئرسیاستدان، سابق ایم پی اے مختلف اہم سیاسی عہدوں پر رہنے والے علیم عادل شیخ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔
علیم عادل شیخ نے اسلام آباد تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ، سینیٹر سیف اللہ ابڑو، سینیٹر سیف اللہ نیازی، علی جونیجو بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی نے کہا کہ علیم عادل شیخ پارٹی کے لیے اہم اثاثہ ثابت ہونگے، علیم عادل شیخ کو پارٹی میں شمولیت پر ویلکم کرتے ہیں۔
علیم عادل شیخ نے کہا کہ ذہنی طور پر میں عمران خان اور تحریک انصاف کا سپورٹر تھا، عمران خان نے سامراجی قوتوں کو للکار کر طویل عرصے سے پاکستان کی گردن میں موجود غلامی کا طوق اتارا ہے، اس وقت پوری قوم کو باہر نکل کر وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینا چاہیے، میں اس جدوجہد میں عمران خان کے نظریاتی کارکن کی حیثیت سے باقاعدہ طور پر شامل ہوچکا ہوں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں وہ گھروں سے نکلیں اور عمران خان کا ساتھ دیں۔
واضح رہےکہ علیم عادل شیخ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے بڑے بھائی ہیں، علیم عادل شیخ اسلام آباد میں قیام پذیر ہیں، علیم عادل شیخ 1997 میں رکن سندھ اسمبلی رہے ہیں، علیم عادل شیخ مسلم لیگ ن اور ق میں اہم عہدوں پر رہے ہیں۔
علیم عادل شیخ مسلم لیگ ق میں یوتھ ونگ کے مرکزی صدر، اوورسیز کے صدر، سینئر نائب صدر کے عہدے پر بھی کام کرچکے ہیں، علیم عادل شیخ نے کافی عرصہ سوڈان میں گزارا اب وہ سوڈان سے واپس آکر سیاست میں سرگرم ہوگئے ہیں، علیم عادل شیخ سوڈان کے کراچی میں اعزازی قونصل جنرل بھی رہے ہیں۔