شہر میں صاف پانی کا بحران سنگین، واٹر کمیشن نے اہم فیصلہ کرلیا

شہر میں صاف پانی کا بحران سنگین، واٹر کمیشن نے اہم فیصلہ کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فاران یامین ) شہر میں پینے کا صاف پانی محفوظ بنانے کیلئے بھرپور اقدامات شروع کردیئے گئے، چیئرمین واٹر کمیشن جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی کا کہنا ہے اگر پانی کا بے دریغ استعمال کرتے رہے تو 2025 تک کیپ ٹاؤن کی طرح رشنگ کے ذریعے پانی ملے گا۔

ہائیکورٹ کے حکم پر بننے والے واٹر کمیشن کا اہم اجلاس چیئرمین واٹر کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کی زیر صدارت واسا آفس میں منعقد ہوا۔ چیئرمین واٹر کمیشن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ایچ اے کے پارکوں میں پینے والے پانی سے ایریگیشن نہیں ہوگی جس کیلئے انگریزوں کے دور کے 26 میں 17 واٹر کورسز کھولنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے 68 پارکوں میں 31 مارچ تک ٹینکوں کی تعمیر کی ہدایت کردی ہے، درباروں میں محکمہ اوقاف اور شہر کی دیگر مساجد میں میٹروپولٹن کارپوریشن بھی واٹر ٹینک تعمیر کرنے کی پابند ہوگی۔

چیئرمین واٹر کمیشن نے کہا کہ شہر میں سروسز اسٹیشنز کو بھی ریگولیٹ کیا جارہا ہے، جو سروس سٹیشن میں جیٹ واشنگ سسٹم اور ری سائیکلنگ ٹینک نہیں بنایا جائے گا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ہر انڈسٹری میں جاکر دیکھیں گے کہ کس انڈسٹری کا پانی قابل استعمال بنایا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں ایل ڈی اے، محکمہ اوقاف، ڈولفن فورس اور محکمہ زراعت کے نمائندوں کی عدم شرکت پر چیئرمین واٹر کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کیا ہے۔