ہم پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی منازل سے ہمکنار کریں گے, مریم اورنگزیب

ہم پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی منازل سے ہمکنار کریں گے, مریم اورنگزیب
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہونے پر پارٹی قائدین، کارکنوں اور عوام کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 انہوں نے اس موقع پر اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیکریٹری اطلاعات منتخب ہونا ان کیلئے باعث فخر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قائد محمد نواز شریف کی ہمت اور بصیرت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے بدترین جبر اور سیاسی انتقام کا ثابت قدمی، صبر اور بہادری سے مقابلہ کیا، اس سفر کے دوران انہوں نے ذاتی صدمے بھی جھیلے لیکن ایک لمحہ بھی ان کی استقامت میں کوئی کمزوری نہیں آئی اور انہوں نے کبھی ذاتی صعوبتوں کو پاکستان اور عوام کے مفادات پر ترجیح نہیں دی بلکہ ہمیشہ پاکستان اور عوام کی بہتری اور مفادات کو مقدم رکھا۔

 مریم اورنگزیب نے جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی قائدین، رہنماؤں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان سب ساتھیوں نے سیاسی آزمائش اور بدترین جبر کے دور میں قیادت اور پارٹی کے ساتھ وفاداری اور نظریاتی وابستگی کا بے مثال مظاہرہ کیا جس کا اعتراف قائد محمد نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت پوری جماعت کرتی ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی، اس کی قیادت، نظریے اور منشور کے پرچم کو حالات کی سختیوں میں تھامے رکھنے پر فخر ہے، انشاءاللہ اسی جذبے سے ہم پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی منازل سے ہمکنار کریں گے۔ 

 مریم اورنگزیب نے کشمیر کاز کے ساتھ تاریخی، روایتی اور اٹوٹ وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے کی قرارداد بھی جنرل کونسل کے اجلاس میں پیش کی جو اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔ ان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہوئے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت اور شہداء کو سالام پیش کرتے ہیں۔