ویب ڈیسک:آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن عوام کو 45 فیصد سستا فیول فراہم کرنے کو تیار ہوگئی۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما غیاث پراچہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کو دیگر ملکوں کی طرح سی این جی کے استعمال پر توجہ دینی چاہیے، سی این جی کا استعمال فوری درآمدی بل کم کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سی این جی سیکٹر عوام کو 45 فیصد سستا فیول فراہم کرنے کو تیار ہے۔غیاث پراچہ نے مزید کہا کہ ملک میں سی این جی فراہمی کیلئے انفرا اسٹرکچر بھی موجود ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا جس کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24.03 روپے اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ ڈیزل پر 59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 39.16 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 39.49 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233.89 روپے، ڈیزل 263.31 روپے، مٹی کا تیل 211.43 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 207.47 روپے ہوگئی ہے۔