(عثمان الیاس) تحریک انصاف رکن پنجاب اسمبلی جعلی ڈگری کے حامل نکلے، جامعہ پنجاب نے جعلی ڈگری سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروادی، رپورٹ میں ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ کی گریجوایشن کی ڈگری جعلی قرار دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اور وزیراعلیٰ کے مشیر بلال اصغر وڑائچ کی گریجوایشن کی ڈگری بوگس نکل آئی، عدالتی حکم پر جامعہ پنجاب کی جانب سے 5 صفات پر مشتمل رپورٹ جمع کروادی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جامعہ پنجاب کی ڈسپلنری اور ڈگری کمیٹی نے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ نے جامعہ پنجاب کو جھوٹی معلومات فراہم کرکے دھوکہ دیا، فیصل آباد انٹرمیڈیٹ بورڈ کی رپورٹ کے مطابق انٹرمیڈیٹ کی ڈگری بھی جعلی ہے، کیونکہ 1996 میں بلال اصغر وڑایچ کو انٹرمیڈیٹ کا رزلٹ کارڈ ہی جاری نہیں کیا گیا، جبکہ بلال اصغر نے انٹرمیڈیٹ 1995 میں پاس ہونے کا رزلٹ کارڈ جمع کرایا، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ جمع کرایا گیا رزلٹ کارڈ 1995 کا نہیں بلکہ 1996 کے سپلیمنٹری امتحانات کا ہے۔
جامعہ پنجاب کی رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ1996 میں انٹرمیڈیٹ پاس کرنیوالا 1997میں گریجوایشن کے امتحان کا اہل ہی نہیں ہوتا,جبکہ ڈسپلنری کمیٹی نے تحقیقات میں موقف سننے کیلئے 8 مرتبہ بلال اصغر وڑائچ کو طلبی کا نوٹس بھیجا مگر ایک مرتبہ بھی پیش نہیں ہوئے۔