( ملک اشرف ) لاہور ہائیکورٹ نے ضلعی عدالتوں کے 14 ججز کے تبادلے کردیئے، تبدیل ہونیوالوں میں 2 سیشن، 5 ایڈیشنل سیشن اور 7 سول ججز شامل ہیں، دو سیشن ججز کو بینکنگ جرائم کورٹ تعیناتی کے لئے انکی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کردیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد 14 ججز کے تبادلے کردیئے گئے ہیں۔ تبدیل ہونیوالے تمام ججز کو 20 جون تک نئی تعیناتی کا چارج دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تقرری کے منتظر ملک علی ذوالقرنین کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ ان کے پیش رو سیشن جج کو مزید تقرری کے لئے لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج نجیب شہزاد کا فیصل آباد سے روالپنڈی تبادلہ کیا گیا۔ اس طرح ایڈیشنل سیشن جج اشفاق احمد کا راولپنڈی سے فیصل آباد، ایڈیشنل سیشن جج مس ثمینہ اعجاز کا گوجرانوالہ سے میانوالی جبکہ محمد حسین کا تونسہ شریف سے ملتان تبادلہ کردیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج عبدالرحمان عارف کا گوجرانوالہ سے تونسہ شریف جبکہ سول جج نفیر احمد کا کلرسیداں سے پسرور تبادلہ کردیا گیا۔ سول جج امیر احمد کا پسرور سے کلرکہار، سول جج مس شازیہ منور کا گجرات سے لاہور، صلاح الدین یاسر کا جتوئی سے حاصلپور، مس سمیرا چودھری چنیوٹ سے لاہور اور سول جج قیصر اقبال کا حاصلپور سے جتوئی تبادلہ کردیا گیا ہے۔
دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے 2 سیشن ججز کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کردیں، ان سیشن ججز میں سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پرویز اختر جج بینکنگ جرائم کورٹ لاہوراور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مناظر علی گل کو جج بینک جرائم کورٹ ملتان تعینات کیا گیا ہے۔