مشکل حالات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا: وزیراعلیٰ پنجاب

مشکل حالات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا: وزیراعلیٰ پنجاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر، قذافی بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غیر معمولی حالات میں انتہائی متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا،عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترجیحات کا تعین کیا گیا، یہ بجٹ اعدادوشمار کی جادوگری نہیں بلکہ متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویز ہے، اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے۔

 

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، کورونا کے باعث جس غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں اس تناظر میں یہ انتہائی متوازن اور عوام دوست بجٹ ہے۔

علاوہ ازیں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، یہ سال غیر معمولی ہے، کورونا نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو متاثر کیا، پنجاب حکومت کو ہنگامی اقدامات اٹھانا پڑے ہیں۔

  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے شمالی چھاؤنی کے علاقے میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے بجٹ سیشن کے دوران صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کو متوازن اور ریلیف بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  پنجاب حکومت  نے مالی سال 2020-21  کے لیے  22 کھرب 40 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگانے کا اعلان کیا گیا ہے، جب کہ ٹیکس کی شرح میں کمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے بھی وفاق کی طرح آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔

Sughra Afzal

Content Writer