علی ساہی: پنجاب پولیس بھی کریمینلزکے شانہ بشانہ، کرائم کنٹرول کرنا تو دور کی بات پولیس پرخود مقدمات کی تعداد دن بدن بڑھنے لگی، رواں سال اب تک پولیس افسروں اور اہلکاروں پر ساڑھے7 سوسے زائد مقدمات درج ہوگئے۔
پنجاب پولیس کریمینلز کوکیا پکڑے گی ، اپنے ہی محکمہ میں کالی بھیڑوں کی تعدادبڑھنے لگی ہے۔ لاہورسمیت پنجاب بھرمیں رواں سال ابتک 765مقدمات درج ہوئے ہیں، مقدمات میں قتل، اقدام قتل، کرپشن، اختیارات کا ناجائزاستعمال ، حبس بےجا میں رکھنے سمیت دیگر شامل ہیں۔ پولیس اعدادوشمار کے مطابق پولیس افسروں اور اہلکاروں پر لاہور میں100 سمیت پنجاب بھر میں 765مقدمات درج ہوئے ہیں۔
لاہور میں پولیس ملازمین کےخلاف درج مقدمات میں سے 26 جبکہ پنجاب بھرمیں 269 مقدمات کینسل کردیئے گئے۔ لاہور میں 19جبکہ پنجاب بھرمیں ملازمین کےخلاف درج مقدمات میں سے 328 کے چالان مکمل کرلئے گئے ہیں۔ شہر کے 24جبکہ صوبہ بھر کے 49 کیسز دیگر اداروں کو بھجوا دئے گئے ہیں۔ لاہورکے 22کیسز جبکہ پنجاب بھرمیں 51 کیسز ابھی بھی زیرتفتیش ہیں۔ شہر سمیت پنجاب بھرمیں ملازمین کےخلاف دن بدن بڑھتے کیسز پولیس میں کرپشن اورکارکردگی کاپول کھول رہے ہیں۔