روٹی، نان کی قیمت پر انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکار

روٹی، نان کی قیمت پر انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عثمان علیم ) ضلعی انتظامیہ نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، روٹی نان کی قیمت پر عوام پھر کنفیوز، نئے نوٹیفکیشن میں نان اور روٹی کی قیمت درج نہ کی گئی جبکہ دال ماش چھ اور سپر کرنل چاول 12 روپے مزید مہنگے ہوگئے۔

اس سے قبل سرکاری سطح پر جاری کئے جانے والے نوٹیفکیشن میں نان، روٹی کی قیمت درج تھی۔ چینی کی قیمت بھی گزشتہ دو نوٹیفکیشنز میں درج نہیں کی گئی۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر نے 70 روپے فی کلو چینی کا نوٹیفکیشن پہلے ہی سے جاری کر رکھا ہے جس ہر شہر بھر میں عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔

نئے نوٹیفکیشن میں چاول 128 سے بڑھ کر 136 روپے، دال ماش 198 سے بڑھ کر 204 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے۔ دال مونگ202 سے کم ہو کر 180۔ کالا چنا موٹا 128 سے کم ہو کر 118، سفید چنا 108 سے کم ہو کر 100، بیسن 128 سے کم ہو کر 120 روپے فی کلو پر آگیاہے۔

پرانے نوٹیفکیشن کے مطابق نان 12، روٹی چھ، خمیری روٹی 12 روپے کی ہے جبکہ نئے نوٹیفکیشن میں نان روٹی کی قیمت نہیں بتائی گئی۔ اسی طرح دودھ 90، دہی 110، مٹن 900 اور بیف 450 روپے فی کلو پر برقرار رہے گا۔ 

دوسری جانب حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود شہرمیں چینی70 روپے فی کلومیں فروخت نہ ہو ئی، شوگر مافیا نے 4 روز میں چینی کے50 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ کردیا۔  شہرکے مختلف علاقوں میں چینی 85 سے90 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ چینی کا 50 کلو کا تھیلا چند روز قبل 3 ہزار950 روپے میں دستیاب تھا، اب 4 ہزار180 روپے تک جا پہنچا ہے۔