(سعدیہ خان) لاہور میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی جھٹکے لینے لگا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔
لاہور میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جس کے باعث باغوں کے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے مزید بارشوں کا امکان ہے، اب تک سب سے زیادہ بارش سمن آباد میں 54 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ 34 ملی میٹر، لکشمی چوک 40 ملی میٹر، اندرون شہر 39 ملی میٹر، گلشن راوی 47 اور سب سے کم بارش ائیر پورٹ کے علاقے میں 9 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی، شہر کا کاروباری حب پانی میں ڈوب گیا، رحمان گلیاں برانڈرتھ روڈ، بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ، لاری اڈہ، سبزی وفروٹ منڈی پانی سے بھر گئی،
واسا حکام کے مطابق شہر کی مکمل نکاسی کے عمل تک ٹیمیں فیلڈ میں ہیں، بارش سے کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا والٹن روڈ، ، فیروز پور روڈ، کینال، جیل اور مال روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کر رہے ہیں۔
ٹریفک جام اور سڑکوں پر پانی سے تنگ عوام شدید مشکلات سے دوچار رہی اور کہا کہ مون سون کی پہلی بارش سے شہر کا یہ حال آگے اللہ ہی حافظ ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کچھ دیر کی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔اگر معاملات ایسے ہی رہے تو برسات میں شہریوں کا گھروں سے نکلنا ہی عذاب بن جائے گا۔
بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی جھٹکے لینے لگا، لیسکو کے 90 فیڈرز ٹرپ کرنے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، کلمہ چوک پر ہائی وولٹج تار بھی گرگئی۔