ملک اشرف: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج، عدالت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا۔
جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی، درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، اس کے برعکس پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔
متفرق درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پہلے بھی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے۔ درخواستگزار کے مطابق پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے، قیمتوں میں اضافہ آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 سے متصادم ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی مناسبت سے قیمتوں کا تعین کرنے کا حکم دے۔
مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت قیمتوں پر اضافی ٹیکسس کو ختم کرنے اور کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا بھی حکم دے۔